جمعرات 10 ستمبر 2026 - 14:07
کابل؛ خاتم النبیین کمپلیکس پر دھاوا اور اساتذہ کی گرفتاریاں، بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی: جے ایس او پاکستان

حوزہ/جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر برادر سید فتح رضوی نے کابل میں قائم علمی و ثقافتی مرکز خاتم النبیین کمپلیکس پر کارروائی، اسے خالی کروانے اور اساتذہ، علمی شخصیات سمیت درجنوں افراد کی گرفتاری پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر برادر سید فتح رضوی نے کابل میں قائم علمی و ثقافتی مرکز خاتم النبیین کمپلیکس پر کارروائی، اسے خالی کروانے اور اساتذہ، علمی شخصیات سمیت درجنوں افراد کی گرفتاری پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اپنے بیان میں مرکزی صدر جے ایس او پاکستان نے کہا کہ ایسے مراکز جہاں علم، تعلیم، ثقافت، دینی اقدار اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے کام کیا جاتا ہو، ان کے خلاف طاقت کا استعمال مسئلے کا حل نہیں۔ ایسے معاملات کو افہام و تفہیم، مکالمے اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے حل کیا جانا چاہیے۔

سید فتح رضوی نے کہا کہ دنیا بھر میں تعلیم اور علمی اداروں کے تحفظ کی بات کی جاتی ہے، مگر محض عالمی دن منانا کافی نہیں؛ عالمی اداروں کو چاہیے کہ وہ علمی و ثقافتی مراکز کے تحفظ، اساتذہ اور طلبہ کے حقوق کے لیے عملی اقدامات بھی یقینی بنائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ علم، تعلیم اور مکالمے کے دروازے بند کرنے کے بجائے کھولنے کی ضرورت ہے۔ کسی بھی معاشرے میں پائیدار امن اور استحکام طاقت سے نہیں بلکہ تعلیم، برداشت، مکالمے اور باہمی احترام سے قائم ہوتا ہے۔

مرکزی صدر جے ایس او پاکستان نے خاتم النبیین کمپلیکس سے وابستہ تمام اساتذہ، علمی شخصیات اور ذمہ داران کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ گرفتار افراد کے معاملے کو شفاف، منصفانہ اور قانونی طریقہ کار کے تحت دیکھا جائے اور علمی و ثقافتی سرگرمیوں کے تسلسل کو یقینی بنایا جائے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha